ترکی نے کرونا ویکسین تیار کرلی اور دستیابی کی تاریخ بھی دے دی۔

ترکی نے مقامی طور پر کرونا ویکسین تیار کرلی جو اپریل 2021 میں دستیاب ہوگی۔ ترک صدرکا اعلان

انقرہ ( تیز ترین ) ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے کورونا وائرس کی ویکسین بنا لینے کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردوان نے اعلان کیا ہے کہ ترکی نے مقامی طور پر کرونا وباء کی ویکسین تیار کرلی جو کہ اپریل 2021 میں دستیاب ہوگی۔
حکومتی پارٹی کے پارلیمانی گروپ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر رجب طیب اردوان نے خوش خبری سنائی کہ ترکی نے مقامی طور پر کرونا ویکسین تیار کرلی ہے۔ ترک صدر نے کہا کہ ویکسین کی آزمائش کے حتمی مراحل میں داخل ہوچکے ہیں۔ دوا ساز کمپنی نے ویکسین کی خوراکیں بڑے پیمانے پر تیار کرنا شروع کردی ہیں۔ آئندہ برس اپریل میں ویکسین مقامی مارکیٹ میں دستیاب ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرونا ویکسین کے حوالے سے پہلے اپنے ملک کا سوچنا انتہائی خود غرضانہ فعل ہے۔ ویکسین دنیا بھر کے تمام انسانوں کو ایک ساتھ ہی دستیاب ہونی چاہیے، یہی انسانیت ہے۔
ترک صدر نے رواں سال جون میں کرونا کی ویکسین تیار کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اُن کا کہنا تھا کہ ترکی مقامی سطح پر ایسی ویکسین تیار کرے گا جس سے مریضوں کا علاج ممکن ہوسکے گا۔ ترکی نے چین میں تیار ہونے والی ویکسین کی ایک کروڑ خوراکیں خریدنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ ترکی کے وزیر صحت کا کہنا تھا کہ ترکی چینی کمپنی سے رواں برس کے اختتام تک ایک کروڑ سے زائد کرونا ویکسین خریدے گا جب کہ ہم کرونا ویکسین کے ٹیکے کا دعویٰ کرنے والی کمپنی فائزر سے بھی معاہدے کی کوشش کررہے ہیں۔                                       

Facebook Comments

POST A COMMENT.