تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ق) کے مابین گلے شکوے دُور ہوگئے۔

ہم بطور اتحادی حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ چودھری شجاعت کی یقین دہانی

لاہور( تیز ترین ) حکومتی پارٹی تحریک انصاف اور حکومتی اتحادی پارٹی مسلم لیگ (ق) کے مابین گلے شکوے دور ہوگئےہیں۔ سربراہ (ق) لیگ چودھری شجاعت نے کہا کہ ہم بطور اتحادی حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں، آپ کو صحیح بات نہیں پہنچائی جاتی۔ پرویز الٰہی سے براہ راست بات کرلیا کریں۔ جس پر عمران خان نے یقین دہانی کروائی کہ مجھے بھی پرویز الٰہی کی طرح سمجھیں، فکر نہ کریں مل کرکام کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چودھری شجاعت کے درمیان ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آئی ہے جس کے تحت وزیراعظم عمران خان نے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چودھری صاحب میں آپ کی جلد صحت یابی کے لئے دعا گو ہوں۔ آپ مجھے بھی پرویز الٰہی کی طرح سمجھیں۔ چودھری شجاعت نے کہا کہ لگتا ہے دائیں بائیں کے لوگ درست بات نہیں پہنچاتے، آپ پرویزالٰہی سے براہ راست بات کرلیا کریں۔ آپ گھر پر آئے ہیں۔ ہمارا آپ کے ساتھ کوئی گلہ شکوہ نہیں۔ ہم آپ کے ساتھ ہیں۔ تحریک انصاف کے ساتھ مل کر الیکشن لڑا، 5 سال حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اس پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ چودھری صاحب فکر نہ کریں مل جل کر کام کریں گے۔
یہ امر قابل ذکرہے گزشتہ دن وزیراعظم عمران خان نے سربراہ ق لیگ چودھری شجاعت حسین سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ وزیراعظم نے چوہدری شجاعت حسین کی عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کےلئے دعا بھی کی۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.