مجھے امید ہے عمران خان پاکستانی قوم کو مایوس نہیں کریں گے۔ سابق کرکٹر جاوید میانداد

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کے سابق کرکٹر جاوید میانداد وزیراعظم عمران خان کی حمایت میں اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔  جنہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ وہ پاکستانی قوم کو مایوس نہیں کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق اپنے ویڈیو پیغام میں سابق کرکٹر جاوید میانداد نے کہا کہ ان کا عمران خان سے گہرا اور دیرینہ تعلق حق ہے۔  1974ءسے قائم ہونے والا یہ تعلق کرکٹ کے ساتھ چلتا رہا ۔  میں جانتا ہوں کہ عمران خان ایک بہت دیانت دار انسان ہیں اور جس کام پر لگ جائیں، اسے مکمل کرکے ہی چھوڑتے ہیں۔ عمران خان کسی کو بھی مایوس نہیں کریں گے۔  وقتی طور پر باتیں غلط لگتی ہیں لیکن آگے چل کر وہ درست ثابت ہوتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان ہمیشہ دوسروں کیلئے سوچتے ہیں۔ عمران خان کی سوچ بہت سنجیدہ ہے۔  نیت تو اوپر والا جانتا ہے اور اللہ پاک عمران خان کی نیت جانتا ہے۔ شوکت خانم میموریل ہسپتال ان کی بہترین نیت کی اچھی مثال ہے جس کیلئے انہوں نے اپنا سب کچھ داؤ پر لگا دیا تھا۔  عمران خان نے مسلسل محنت کی، ہمت نہ ہاری اور اس عظیم منصوبے کو کامیابی کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچایا۔

جاوید میانداد نے کہا کہ پاکستان کیلئے عالمی کپ جیتنے والے عمران خان وہ شخص ہیں جو مٹی میں ہاتھ ڈالیں تو وہ سونا بن جائے۔ عمران خان ہمت اور عزم کی بہترین مثال ہیں ۔ پرانی باتیں بھول جائیں اس وقت ہم سب کو ایک ہونے کی ضرورت ہے۔ عمران خان پر بھروسہ کیا جائے۔  پہلے اور اب کے عمران خان میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ ان میں بہت زیادہ تبدیلی آئی ہے۔پاکستان کو ایک اچھا وزیراعظم ملا ہے ۔ہمارا ملک ان کی قیادت میں پھلے پھولے گا۔ سب کو مل کر عمران خان کا ساتھ دینا چاہیے۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.