پنجاب میں کرونا وائرس بے قابو ہونے لگا۔ چند گھنٹوں میں 400 سے زائد نئے مریض سامنے آگئے۔

صوبے میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی کل تعداد 1800 سے تجاوز کر گئی۔ پیر کے دن 3 اموات بھی ہوئیں۔

لاہور (تیز ترین)  پنجاب، چند گھنٹوں میں کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے 400 سے زائد نئے مریض سامنے آگئے۔ صوبے بھر میں کرونا سے متاثرہ افراد کی کل تعداد 1800 سے تجاوز کر گئی۔ گزشتہ سوموار 3 اموات بھی ہوئیں۔ تفصیلات کے مطابق پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر پنجاب کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 400 سے زائد نئے مریض سامنے آئے ہیں۔ جس کے بعد پنجاب میں کرونا وائرس کے 1800 سے زائد مریض ہیں۔ ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر کے مطابق کرونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کو انتظامی لحاظ سے 4 درجوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ تصدیق شدہ کرونا مریضوں کے اعداد و شمار زائرین، تبلیغی ارکان، قیدی اور عام شہریوں کی درجہ بندی میں رکھے جا رہے ہیں۔

کرونا وائرس سے سب سے زیادہ لاہور متاثر ہوا ہے، جہاں اب تک 290 کیس سامنے آئے ہیں۔ جبکہ سوموار کے دن صوبے میں مزید 3 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔ جس کے بعد کل اموات کی تعداد 15 ہوگئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ کیس بھی لاہور سے ہی رپورٹ ہوئے۔ اس کے علاوہ صوبے میں کرونا وائرس کے 6 مریض صحت یاب بھی ہو گئے ہیں۔ مزید بتایا گیا ہے کہ صوبے میں عام شہریوں کے علاوہ ایران سے آنے والے 481 زائرین اور 503 رائے ونڈ سے منسلک افراد میں بھی کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ جبکہ صوبے کی جیلوں میں قید 49 قیدیوں میں بھی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔  پنجاب کے 28 اضلاع سے کرونا وائرس کے مریضوں کی رپورٹس سامنے آ چکی ہیں۔ تمام مصدقہ مریض آئسولیشن وارڈز میں داخل ہیں۔ مریضوں کو مکمل طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہے۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.