امریکا میں مقیم 22 پاکستانی کرونا وائرس سے لڑتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گئے۔

نیویارک میں واقع مسجد کے پیش امام کے مطابق شہر میں کئی پاکستانی جان کی بازی ہار چکے۔ انتقال کرنے والوں میں ڈاکٹر بھی شامل ہیں

نیویارک ( تیز ترین ) امریکا میں مقیم 22 پاکستانی کرونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے۔ نیویارک میں واقع مسجد کے امام کے مطابق شہر میں کئی پاکستانی بشمول ڈاکٹرز بھی اس مہلک وباء سے فوت ہوچکے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق امریکی شہر نیویارک میں مقیم احمد علی نامی خطیب و امام نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ نیو یارک شہر میں کرونا وائرس کے باعث حالات بہت تشویش ناک ہیں۔ احمد علی کا بتانا ہے کہ نیویارک میں اب تک 22 پاکستانی بھی کرونا وائرس کے باعث جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ ان پاکستانیوں میں کچھ ڈاکٹرز بھی شامل تھے۔ حالات بہت زیادہ تشویش ناک ہیں اس لیے جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کی نماز جنازہ بھی بہت محدود طریقہ سے ادا کی گئی۔

امریکی میڈیا کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ امریکہ میں مسلسل ساتویں روز بھی ایک ہزار سے زائد اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔ مزید 1404 اموات کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 12 ہزار کا ہندسہ پار کر گئی۔ 19 ہزار 331 نئے مریضوں کا اندراج ہوا۔ کرونا وائرس کی معلومات دینے والی عالمی میٹر کے مطابق امریکہ میں 14 سو 04 نئی ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی ہیں۔ جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 12 ہزار 275 تک جا پہنچی ہے۔ یہ مسلسل ساتواں دن ہے کہ روزانہ ایک ہزار سے زائد اموات ریکارڈ کی جس رہی ہیں۔ جو کہ کسی بھی دوسرے ملک سے زیادہ تباہ کن اعداد و شمار ہیں۔ مزید بتایا گیا ہے کہ 19 ہزار سے زائد نئے مریضوں کے اندراج کے بعد امریکہ میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی کل تعداد 3 لاکھ 86 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق وائرس زدہ 21 ہزار 671 افراد ایسے ہیں جو صحت یاب ہو چکے ہیں، جبکہ وائرس سے متاثرہ افراد میں 9 ہزار 879 افراد ایسے ہیں جو کہ اس وقت تشویشناک حالت میں مبتلا ہیں۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.