اپریل کے آخر تک کورونا کے مریض 70 ہزار اور ہلاکتیں 700 ہوسکتی ہیں۔ غلام سرور خان۔

وفاقی وزیر غلام سرور خان نے کہا ہے کہ 25 اپریل تک پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 70 ہزار تک ہو سکتی ہے، اور خدشہ ہے کہ 700 تک اموات واقع ہوسکتی ہیں۔

اسلام آباد ( تیز ترین ) وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 11 اپریل کے بعد بیرون ملک سے آنے والے پاکستانیوں کو اسلام آباد کے علاوہ ملتان، لاہور اور پشاور بھی لایا جائے گا۔

یاد رہے کہ پاکستان میں کورونا کا پہلا کیس 26 فروری کو سامنے آیا تھا، جس کے بعد سے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار 497 ہوچکی ہے، جن میں سے 65 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے بھی آج کوئٹہ میں بلوچستان کی صوبائی کابینہ سے خطاب میں کہا ہے کہ اس وقت کورونا کی وباء کا اتنا پریشر نہیں ہے، لیکن ہم اندازہ لگا رہے ہیں کہ اپریل کےآخرتک بہت دباؤ ہوسکتا ہے۔

قبل ازیں حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی کورونا وائرس سے بچاؤ کے قومی ایکشن پلان کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ 25 اپریل تک کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 50 ہزار تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 25 اپریل تک کورونا کے 41 ہزار معمولی نوعیت اور 7 ہزار سنگین نوعیت کے کیس ہو سکتے ہیں جن میں سے 2500 کے قریب مریضوں کی حالت تشویش ناک ہو سکتی ہے۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.