آزاد کشمیر کے کچھ علاقوں میں ہفتے کے دن غیر متوقع برفباری

ملک کے دیگر علاقوں میں پیر سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان۔ موسم گرما کے آغاز میں مزید تاخیر ہوگی

لاہور ( تیز ترین)  آزاد کشمیر کے کچھ علاقوں میں ہفتے کے دن غیر متوقع برفباری ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے دیگر علاقوں میں سوموار سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے،  جس کے سبب موسم  گرما کے آغاز میں مزید تاخیر ہوگی۔  فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں ہفتے کے دن غیر متوقع برفباری سے موسم سرد ہوگیا۔ ملک کے دیگر علاقوں کی طرح آزاد کشمیر میں بھی ہر سال ان دنوں موسم معتدل ہوتا ہے، لیکن وادی نیلم میں غیر متوقع برفباری ہونے سے موسم سرد ہوگیا ہے۔ سوموار سے بالائی خیبر پختونخواہ،خطہ پوٹھوہار، گلگت بلتستان،  کشمیر اور اسلام آباد میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ رواں سال غیر متوقع بارشوں اور برفباری کے باعث موسم بہار بھی طویل ہوگا۔ محکمہ موسمیات نے گزشتہ رات سے پاکستان میں مغربی ہواؤں کا سلسلہ داخل ہونے کا امکان ظاہر کیا تھا ۔ ہواؤں کا یہ سلسلہ آج ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے گا اور یہ سلسلہ سوموار تک بالائی علاقوں میں موجود رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کے نتیجے میں اگلے ہفتے کے دوران خیبر پختونخوا،پنجاب،اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیزہواؤں آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے، اور اس دوران بعض مقامات ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.