شہباز شریف کو کسی ‘شیدا ٹلی’ سے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں۔ راہنما مسلم لیگ ن رانا ثنااللہ

رانا ثنا اللہ  نے وزیر ریلوے شیخ رشید کے بیان پر کہا ہے کہ شہباز شریف پارٹی قائد  نواز شریف کے نامزد صدر ہیں اور پوری جماعت ان کی قیادت میں متحد ہے۔

اسلام آباد ( تیز ترین ) راہنما مسلم لیگ ن رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ شہباز شریف کے لیے زندگی کاسب سے بڑا اعزاز میاں نواز شریف کا اعتماد اوران سے محبت ہے۔ انہیں کسی ‘شیدا ٹلی’ سے سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان کے مہینے میں بھی موصوف شیطانی حرکتوں اور خصلتوں سے باز  نہیں آسکے۔ موصوف آج جہاں موجودہیں وہ بھی شریف برادران کی مرہون منت ہے۔ بہتر ہے اپنے کام سے کام رکھیں، وہ بھی ان سے نہیں ہورہا۔ رہنما مسلم لیگ ن کا بیان شیخ رشید کے اس بیان کے بعد سامنے آیا ہے جب انہوں نے کہا تھا کہ شہباز شریف لندن سے جو سوچ کے آئے تھے اس کا سیاسی جنازہ نکل گیا۔ ان کی اپنی بھتیجی مریم نواز کے ساتھ نہیں بنتی۔ شیخ رشید نے کہا تھا کہ شہباز شریف کے راستے محدود نظر آ رہے ہیں۔ شہباز شریف کی بھتیجی کا کہنا ہے کہ پارٹی صدر شاہد خاقان عباسی کو بنادیں۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.