اگلے چند دن طوفانی بارشیں متوقع، سیلاب کا خطرہ

نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے 3 سے 6 مئی تک این ایچ اے، ایف ڈبلیو او اور دیگر اداروں کو سیلابی حالات کے لئے تیار رہنے کا کہہ دیا۔

اسلام آباد ( تیز تترین ) اگلے چند دنوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں طوفانی بارشیں متوقع، سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ۔ نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے 3 سے 6 مئی تک این ایچ اے، ایف ڈبلیو او اور دیگر اداروں کو ایمرجنسی حالات کے لئے تیار رہنے کی ہدایت کر دی۔
تفصیلات کے مطابق این ڈی ایم اے نے آئندہ دنوں ملک کے وسطی اور بالائی علاقوں میں آندھی، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارشوں کے امکان کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو تیار رہنے کی ہدایت کردی۔
محکمہ کی جانب سے جاری ایڈوائزری کے مطابق محکمہ موسمیات نے اتوار سے بدھ تک ملک کے وسطی اور بالائی علاقوں میں آندھی، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔
این ڈی ایم اے نے موسمیاتی حالات کے پیش نظر کسی بھی ناگہانی صورتحال میں جانی و مالی نقصان سے بچنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔ موسمیاتی پیشگوئی کے مطابق اسلام آباد، بالائی و وسطی پنجاب، آزاد جموں و کشمیر،  گلگت بلتستان کے ساتھ ساتھ بلوچستان کے کچھ علاقوں میں بھی تیز طوفانی بارش کا امکان ہے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ خیبرپختونخواہ کے علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ ہفتے کی شب کو سوات کے علاقے میں مسلسل کئی گھنٹے تک طوفانی بارش نے تباہی مچا دی اور پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ طوفانی بارش کے باعث کئی علاقوں سے مکانات کی چھتیں گرنے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.