وزیر اعظم کا کینیڈین ہم منصب کو فون، کورونا سے متعلق بات چیت

عمران خان  نے کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو سے کورونا کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال پر بات چیت کی۔

اسلام آباد ( تیز ترین ) ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کو فون کیا اور کرونا کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورت حال پر بات چیت کی۔
دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی بات چیت کی جبکہ  ایک دوسرے کے ممالک سے اپنے شہریوں کی واپسی سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان نے کینیڈا میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کرونا وباء بین الاقوامی سطح پر مشترکہ کوششوں کی متقاضی ہے۔ پاکستان سمیت دیگر ترقی پذیر ممالک کو دوہرے چیلنج کا سامنا ہے۔ جہاں وبا کی روک تھام اورمعیشت کو سنبھالنےجیسے چیلنجز درپیش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وباء سے پہلے پاکستان کی معیشت ترقی کررہی تھی۔
وزیراعظم عمران خان نے قرضوں میں ریلیف کیلئے جی 20 ممالک میں پاکستانی تجویز کی حمایت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ امید ہے کینیڈا قرضوں سے نجات کے عالمی اقدام کی حمایت کرے گا۔  ٹیلی فونک گفتگو میں دونوں وزرائے اعظم نے باہمی دلچسپی کے امور پر تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.