پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما طارق بشیر چیمہ کی حکومت سے علیحدگی کی دھمکی۔

اگر ہماری قیادت کی عزت کو اچھالنے کی کوشش کی گئی تو ایک نہیں ایسی 10 حکومتیں چھوڑ دیں گے۔ طارق بشیر چیمہ کا مؤقف

اسلام آباد ( تیز ترین )  پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما طارق بشیر چیمہ نے حکومت سے علیحدگی کی  دھمکی دے دی۔

 نجی ٹی وی کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے رہنما ق لیگ طارق بشیر چیمہ نے کہا ہے کہ اگر کوئی سیاسی انجینئرنگ کر رہا ہے تو وزیراعظم کی ذمہ داری ہے کہ وہ معلوم کریں کہ ایسا کون کر رہا ہے۔ اگر ہماری قیادت کی عزت کو اچھالنے کی کوشش کی گئی تو ایک نہیں ایسی 10 حکومتیں چھوڑ دیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ فکرکرپشن کرنے والوں کو ہونی چاہئیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک وزیر صاحب کہہ رہے ہیں کہ عید کے بعد نیب ڈبل ٹارزن بن جائے گا، لیکن ہم اس کی اجازت نہیں دیں گے کہ بیلنسنگ فیکٹر میں آپ شرفاء کی پگڑیاں اچھالیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ ہم ان کے لیے اہمیت رکھتے ہیں یا نہیں۔ اگر ہماری قیادت کی عزت کو اچھالنے کی کوشش کی گئی تو ایک نہیں ایسی 10حکومتیں چھوڑنے کے لئے تیار ہیں۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ق) کی قیادت نے 19سالہ پرانے کیسز دوبارہ کھولنے پر چیئرمین نیب کے حکم کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔ چوہدری پرویز الٰہی اور چوہدری شجاعت کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ  میں نیب کےخلاف دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نیب کے کردار اور تحقیقات کے غلط انداز پر عدالتیں فیصلے بھی دے چکی ہیں۔ نیب سیاسی انجینئرنگ کرنے والا ادارہ ہے۔  چیئرمین نیب نے 19سال پرانے معاملے کی دوبارہ تحقیقات کا حکم دیا ہوا ہے، جس کیس کی نیب نے 19سال قبل آمدن سے زائد اثاثہ جات کی مکمل تحقیقات کیں مگر جرم ثابت نہ ہوا۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.