اپوزیشن لیڈر کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کی وجہ سے عمران خان پرویز الٰہی کو تنگ کررہے ہیں

سیکرٹری جنرل مسلم لیگ ن احسن اقبال نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان فاشسٹ مائنڈ کے تحت اپوزیشن کے خلاف کارروائیاں کررہے ہیں۔

لاہور(تیز ترین ) کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ  عمران خان  اپنے اتحادی اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی کو حمزہ شہباز اور اپوزیشن اراکین کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کی پاداش میں نیب کے ذریعے تنگ کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نیب کی جانب سے شہباز شریف کے حوالے سے جو بے بنیاد بیان جاری کیا گیا ہے، اسکے متعلق ہمارا مطالبہ ہے کہ نیب کی شہبازشریف سے جو آخری تفتیش تھی، اس کی ویڈیو بھی عوام کے سامنے پیش کی جائے تاکہ عوام کو بھی پتہ چلے کہ نیب کے سوال کیا تھے اور شہبازشریف نے جواب کیا دیے۔ جنرل سیکرٹری کا مزید کہنا تھا کہ “حکومت کے پاس کورونا سے متعلق کوئی لائحہ عمل نہیں، اب جو کرنا ہے کورونا نے ہی کرنا ہے، دعا کریں کہ کورونا کے دل میں رحم آجائے کہ پاکستانیوں پر ایک اناڑی اور نااہل حکومت نافذ ہے تو میں اس قوم کا کم سے کم نقصان کروں”۔ اس موقع پر سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا کہنا تھا کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان نیب کے قانون سے متعلق اس وقت کوئی مذاکرات نہیں چل رہے۔ نیب قانون میں ترمیم نہیں نیب کو مکمل ختم کرنا ہوگا۔ یہ غلط تاثر دیا جارہا ہے کہ شاید کوئی مذاکرات چل رہے ہیں جس میں ٹھارویں ترمیم کو لنک کیا جارہا ہے۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.