امریکی دوا ساز کمپنی کی جانب سے کرونا ویکسین کے انسانوں پر کیے گئے تجربات کے نتائج موصول ہوگئے

کمپنی کا مثبت نتائج حاصل کرنے میں کامیاب ہو جانے کا دعویٰ۔ ویکسین لگوانے والے انسانوں میں اینٹی باڈیز کی بڑی مقدار پیدا ہوئی

نیویارک ( تیز ترین ) امریکی دوا ساز کمپنی کی جانب سے کرونا ویکسین کے انسانوں پر کیے گئے تجربات کے نتائج موصول ہوگئے۔ ابتدائی طور پر 45 افراد کے 3 گروپس پر ویکسین کا تجربہ کیا گیا تھا۔ ماہرین نے تجربات کی کامیابی کا دعویٰ کیا ہے۔ ویکسین لگوانے والے انسانوں میں اینٹی باڈیز کی بڑی مقدار پیدا ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق ایک امریکی دوا ساز کمپنی موڈرننا نے کرونا وائرس کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار کردہ تجرباتی ویکسین کا انسانوں پر تجربہ کیا ہے۔  کمپنی کے ماہرین کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ویکسین کا تجربہ کرنے کیلئے کل 45 افراد کا انتخاب کیا گیا تھا۔ ان افراد کو 3 گروپوں میں تقسیم کیا گیا تھا۔ ہر گروپ میں 15 افراد شامل تھے۔ ایک گروپ کو 25 مائیکرو گرام مقدار میں ویکسین ، دوسرے گروپ میں شامل لوگوں کو 100 مائیکرو گرام جبکہ تیسرے گروپ میں شامل لوگوں کو 250 مائیکرو گرام دوا دی گئی۔ جن افراد کو 25 مائیکروگرام دوا دی گئی تھی ان میں کرونا سے مقابلہ کرنے والے اتنے اینٹی باڈیز پیدا ہوئے جو ایک صحت یاب ہونے والے مریض میں ہوتے ہیں۔ 100 مائیکرو گرام ڈوز موصول کرنے والے افراد میں اس سے کچھ زیادہ اینٹی باڈیز پیدا ہوئے۔ جبکہ تیسرے گروپ پر کیے گئے تجربات کے نتائج ابھی آنا باقی ہیں۔ مذکورہ کمپنی حکام کا کہنا ہے کہ ویکسین کے کل 3 مرحلوں میں تجربات کیے جائیں گے۔
ابھی پہلا مرحلہ جاری ہے۔ تینوں مرحلوں کے نتائج کو دیکھ کر ہی ویکسین کے موثر ہونے یا نہ ہونے سے متعلق کوئی حتمی رائے قائم کی جاسکے گی۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.