گلگت بلتستان حکومت کے اختیارات ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری

الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے صدارتی آ رڈر کے تحت اختیارات ملتے ہی حکومت کے انتظامی و مالی اختیارات ختم کر دیئے

اسلام آباد ( تیز ترین ) الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے حکومت کے انتظامی اختیارات ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ صدارتی آ رڈر کے تحت اختیارات ملتے ہی الیکشن کمیشن نے گلگت بلتستان حکومت کے انتظامی و مالی اختیارات ختم کر دیئے۔ الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صوبائی حکومت کے انتظامی اختیارات ختم ہوگئے ہیں اور اب وزیراعلیٰ اور وزراء انتظامی احکامات نہیں دے سکیں گے۔
نوٹیفکیشن کے تحت گلگت بلتستان حکومت سے ترقیاتی منصوبوں اور تبادلوں کے اختیارات بھی واپس لے لیے گئے ہیں۔ لوکل گورنمنٹ کے ترقیاتی فنڈز کو انتخابات کے انعقاد تک منجمد کردیا گیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر  نے سوموارکو جاری کئے گئے احکامات میں بتایا ہے کہ گلگت بلتستان اسمبلی میں 2020  کے  انتخابات  ہو رہے ہیں۔ اس لیے شفاف اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد اور پری پول ریگنگ کی شکایات کے ازالے کے لیے صوبائی حکومت کے ترقیاتی اور انتظامی اختیارات منجمد کر دئیے جاتے ہیں۔ صوبائی حکومت آ ئندہ نئے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان نہیں کر سکے گی، نہ کسی تقرری کی مجاز ہو گی۔ تاہم پبلک سروس کمیشن اور پندرہ مئی تک کے ہونے والے پوسٹوں پر تقرری کے لئے اہل ہوگی۔ یاد رہے کہ گلگت بلتستان حکومت کی مدت 24 جون 2020 کو ختم ہو رہی ہے۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.