مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے عید الفطر 24 مئی کو منانے کا اعلان کردیا۔

تیس روزے پورے ہونے پر بروز اتوار عید الفطر ہوگی۔ امیر جامع مسجد قاسم علی خان

پشاور ( تیز ترین ) مفتی شہاب الدین پوپلزئی نےعید الفطر 24 مئی کو منانے کا اعلان کر دیا۔
امیر جامع مسجد قاسم علی خان نے کہا ہے کہ بروزِ ہفتہ 30 روزے پورے ہوجائیں گے، اتوار 24 مئی کو عید الفطر ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق پشاور کی مسجد قاسم علی خان کے امیر مفتی شہاب الدیں پوپلزئی کی جانب سے شوال کا چاند دیکھنے کیلئے اجلاس بلایا گیا تھا۔ اجلاس پشاور کی تاریخی مسجد قاسم علی خان میں ہوا۔ اجلاس کے بعد مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے اعلان کیا ہے کہ انہیں ملک کے کسی حصے سے شوال کے چاند کی شہادت موصول نہیں ہوئی۔ اس لئے 23 مئی بروزِ ہفتہ 30 روزے پورے ہونگے جبکہ عید الفطر اتوار 24 مئی کو منائی جائے گی۔
یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ ملک بھر میں بروزِ ہفتہ 29 واں روزہ ہوگا۔
ذرائع کے مطابق سعودی عرب میں شوال کا چاند نظر نہ آنے کے فوری بعد مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے بھی شوال کا چاند نظر نہ آنے کا اعلان کیا ہے۔ سرکاری طور پر ملک میں شوال کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی  رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج بروز ہفتہ کراچی میں طلب کیا گیا ہے۔ اجلاس کی صدارت مفتی منیب الرحمان کریں گے۔ ماہرین فلکیات و موسمیات کی رائے میں ملک میں ہفتہ کی شام شوال کا چاند نظر آنے کے امکانات کم ہیں۔ امکان ہے کہ ملک میں عید الفطر 25 مئی بروز پیر کو ہی ہو۔ سرکاری طور پر ہی وزارت سائنس و  ٹیکنالوجی کا دعویٰ ہے کہ جاری کردہ قمری کلینڈر ہی درست ہے، جس کے مطابق ملک میں عید الفطر دنیا کے بیشتر ممالک کیساتھ 24 مئی بروز اتوار کو منائی جائے گی۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.