اٹک میں کرونا کی دستک میں شدت، ڈپٹی کمشنر کی عوام سے احتیاط کی اپیل

ضلع بھر میں کرونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد بڑھ کر 221 ہوگئی۔ 8 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ ڈپٹی ڈائریکٹراطلاعات و تعلقات عامہ، حکومت پنجاب، اٹک

اٹک ( تیز ترین ) ڈپٹی کمشنر اٹک علی عنان قمر نے کہا ہے کہ ضلع اٹک کی عوام کو کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے موجودہ حالات میں انتہائی احتیاط کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کوچاہیے کہ وہ حکومت کی طرف سے جاری کردہ حفاظتی تدابیر پر مکمل عمل درآمد کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی سی آفس اٹک میں ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈی سی اٹک نے کہا کہ ضلع بھر میں کوروناوائرس کے مریضوں میں روزانہ کی بنیاد پراضافہ ہورہا ہے، جو تشویش کی علامت ہے۔ اس وقت تک کورونا وائرس کے 221 سے زائد مریض رپورٹ ہو چکے ہیں، اور 08 افراد فو ت ہوچکے ہیں۔ اس لیے عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ ماسک اور سینیٹائزر کا استعمال کریں اور سماجی فاصلے کہ اصول پر سختی سے عمل کریں۔حکومت پنجاب نے بھی کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے حفاظتی تدابیر پرعمل درآمد لازمی قرار دے دیا ہے۔جو شخص بھی گھر سے باہر نکلے گا اس کے لیے ماسک پہننا لازمی ہے۔ اس کے علاوہ ضلع بھر کے کاروباری حضرات کو بھی نو ماسک نو سروس کی پالیسی پر عمل درآ مد کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ حکومت کی ہدایات کی روشنی میں کورونا وائرس کے سلسلے میں احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے والے افراد کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس کے علاوہ کاروبا ری حضرات کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ان احتیاطی تدابیر پر عمل کریں بصورت دیگر ان کا کاروبا ر سیل کردیا جائے گا، اور اس ضمن میں تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ مختلف سوالوں کو جواب دیتے ہوئے ڈی سی اٹک نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کورونا وائرس کے سلسلے میں عوامی آگاہی کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور اس ضمن میں مؤثر کاوشیں کی جارہی ہیں۔ پیٹرول کی قلت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈی سی اٹک نے کہا کہ ضلع بھر میں اس قلت کا سخت نوٹس لیا گیا ہے اورتمام اسسٹنٹ کمشنر ز کو ہدایت جاری کی گئی ہیں کہ وہ اپنی تحصیلوں میں موجود پیٹرول پمپس پر پیٹرول کے اسٹاکٹ کو چیک کریں اور عوام کو پیٹرول کی فراہمی یقینی بنائیں۔ جو افراد پیٹرول کی فراہمی میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں ان کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائی گی۔ اس ضمن میں ڈی او آئی پی ڈبلیو ایم کو روزا نہ کی بنیاد رپورٹ ارسال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ امید کی جاتی ہے کہ پٹرول کی قلت جلد ختم ہو جائے گی۔ کورونا وائرس کے سلسلے میں ڈی سی اٹک نے شرکاء کو آگا ہ کرتے ہوئے بتایا کہ جو لوگ زیر علاج یا قرنطینہ میں ہیں، ان کی مجموعی صحت بہتر ہے اور اس کے ساتھ ان کی طبعی نگرانی بھی جاری ہے، اور ان افراد کو ہر ممکن طبی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ لاک ڈاؤن کے سلسلے میں بات کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اٹک علی عنان قمرنے کہا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے جاری کردہ احکامات کی روشنی میں تمام کاروبا ری مقامات پیر سے جمعہ صبح 9 سے شام 7 بجے تک کھلے رہیں گے۔ کریا نہ سٹورز ہفتہ بھر کھلے رہیں گے۔ اس کے علاوہ میڈیکل سٹورز، پنکچر شاپز، آٹا چکی، تنور، زرعی ورک شاپز ہفتہ بھر کھلی رکھنے کی اجات ہوگی۔ تعلیمی ادارے، شادی ہالز، ریسٹورنٹس، پارکس اور سنیما ہالز بند رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول کی قیمتوں میں کمی کے بعد نیا کرایہ نامہ جاری کیا گیا ہے اور اس پر عمل درآمد کروایا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ پر ائس کنٹرول کر نے کے سلسلے میں بھی اقدامات کئے جارہے ہیں اور اب تک دو ماہ میں گراں فروشوں پر 47 لاکھ روپے جر مانہ عائد کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنرعلی عنان قمر نے مزید سوالواں کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ احسا س پرو گرام کے تحت اب تک 55 ہزار مستحقین میں 67 کروڑ سے زائد رقم تقسیم کی گئی۔ چنگ چی رکشوں پر سواریوں کے سلسلے میں انہوں نے جلد کاروائی کی یقین دہانی کرائی۔ ڈی سی اٹک نے اس موقع پر عوام سے اپیل کی کہ موجودہ حالات میں انتہائی احتیاط کی ضرورت ہے اور انسانی زندگیوں کے بچاؤ کے لیے تمام شعبہ زندگی کی طرف سے بھرپور تعاون درکار ہے۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.