جامعہ بنوریہ کراچی کے مفتی محمد نعیم انتقال کر گئے

طبیعت خراب ہونے پر انہیں ہسپتال لے جایا گیا لیکن راستے میں ہی دار فانی سے کوچ کرگئے۔ مرحوم کے صاحبزادے نے انتقال کی تصدیق کر دی۔

کراچی ( تیز ترین ) جامعہ بنوریہ کراچی کے مفتی محمد نعیم فوت ہوگئے ہیں۔ طبیعت خراب ہونے پر انہیں ہسپتال لے جایا گیا لیکن راستے میں ہی دارِ فانی سے کوچ کرگئے۔ مرحوم کے صاحبزادے نے خبر کی تصدیق کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک کے معروف مذہبی اسکالر، جامعہ بنوریہ کراچی کے مفتی محمد نعیم انتقال کر گئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ مفتی محمد نعیم کے صاحبزادے مفتی نعمان نے تصدیق کی ہے کہ ان کے والد انتقال کر گئے ہیں۔ مفتی نعمان نے بتایا ہے کہ ان کے والد مفتی نعیم دل کے عارضے میں مبتلا تھے۔ کچھ دنوں سے ان کی طبیعت ناساز تھی، اور انہیں بخار کی شکایت بھی ہوئی۔ آج ہفتے کے دن طبیعت بگڑنے پر انہیں ہسپتال لے جایا گیا، لیکن وہ ہسپتال پہنچنے سے قبل ہی انتقال کر گئے۔ کچھ روز قبل ان کا کرونا ٹیسٹ کروایا گیا تھا جس کی رپورٹ منفی آئی تھی۔ مفتی محمد نعیم مرحوم کی نماز جنازہ کے وقت کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ ترجمان جامعہ بنوریہ کا کہنا ہے کہ مفتی محمد نعیم کی نماز جنازہ و تدفین کا اعلان جامعہ بنوریہ کی کمیٹی سے مشاورت کے بعد ہوگا۔
یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ مفتی محمد نعیم ملک کے ممتاز مذہبی اسکالرز میں شمار کئے جاتے تھے۔ وہ سائٹ ایریا میں واقع جامعہ بنوریہ کے مہتمم تھے۔ انہوں نے کئی اہم معاملات میں ریاست کے حق میں فتوے بھی جاری کئے تھے۔ انہوں نے حال ہی میں کرونا وائرس کے علاج کیلئے پلازمہ کی فروخت کو غیر قانونی غیر شرعی قرار دیتے ہوئے فتویٰ بھی جاری کیا تھا۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.