پی آئی اے نے بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لئے آئیندہ ہفتے کے دوران بڑا فضائی آپریشن ترتیب دے دیاہے۔

قریباََ 25000 پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لئے پروگرام ترتیب دے دیا گیا ۔

اسلام آباد ( تیز ترین ) قومی ائیر لائن نے کرونا وباء کی وجہ سے انٹرنیشنل فلائٹ آپریشن معطل ہونے کے سبب بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لئے آئیندہ ایک ہفتے کے دوران بہت بڑا فضائی آپریشن ترتیب دے دیا ہے۔ ترجمان پی آئی اے کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق آئیندہ ایک ہفتے کے دوران پی آئی اے سعودی عرب سے 10000 جبکہ متحدہ عرب امارات سے 15000 افراد کو وطن واپس لائے گی ۔ مجموعی طور پر25000 مسافر ایک سو سے زائد خصوصی پروازوں کے ذریعے واپس آئیں گے۔ جس کے لئے قومی ائیر لائن نے حکومت سے اجازت طلب کر لی ہے۔ ترجمان کے مطابق ساری خصوصی پروازیں  پاکستان سے خالی جائیں گی۔ پی آئی اے نے اتنی تعداد میں پروازیں اس لئے لگائی ہیں تاکہ ٹکٹیں آرام سے سب کو دستیاب ہو سکیں- ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے کے دفاتر زیادہ تر جگہوں پر لاک ڈاؤن کی مقامی حکومتوں کی ہدایات کے باعث بند ہیں۔ مسافر یہ ٹکٹیں پاکستان میں پی ائی اے کے دفاتر، ویب سائیٹ یا ایجنٹوں سے حاصل کر سکیں گے۔ ترجمان پی آئی اے نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ زیادہ تر پاکستانی ان پروازوں کے ذریعے وطن واپس پہنچ جائیں گے اور دباؤ کم ہو جائے گا۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.