پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سفارتی کشیدگی

بنگلہ دیش حکومت نے پاکستانیوں کو ویزہ جاری کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔

اسلام آباد / ڈھاکہ ( تیز ترین ) پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین چلنے والی سفارتی کشیدگی شدت اختیار کرگئی ہے۔ بنگلہ دیش نے پاکستانیوں کے لیے ویزے کے اجراء پر پابندی کے بعد اب پاکستان آنے والی پروازیں بھی بند کردی ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش نے پاکستان کے لیے پروازوں کا اجراء روک دیا ہے۔ پاکستانی شہریوں کو بنگلہ دیش کی جانب سے گزشتہ 7 دن سے ویزے جاری نہیں کئے جا رہے۔ ذرائع نے ذرائع کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بنگلہ دیشی ہائی کمیشن کا ویزا سیکشن گزشتہ پیر سے بند ہے۔ بنگلہ دیش نے یہ فیصلہ اپنے سفارت کار اقبال حسین کو پاکستان کی جانب سے ویزا کے عدم اجراء پر کیا ہے۔ اقبال حسین بنگلہ دیشی ہائی کمیشن میں پریس اور ویزا قونصلر تھے اور ذرائع کے مطابق اقبال حسین نے جنوری میں پاکستان کو ویزا میں توسیع کی درخواست دی تھی، البتہ وزارت داخلہ نے 4 ماہ گزرنے کے بعد بھی اقبال حسین کو ویزا میں توسیع نہیں دی۔ ذرائع کے مطابق محمد اقبال حسین ویزا میں توسیع کے انتظار میں ہی ملازمت سے سبکدوش ہوگئے ہیں۔ ذائع کا کہنا ہے کہ اقبال حسین کی بیٹی کے ویزا پر بھی توسیع نہیں دی گئی اور بنگلہ دیشی پریس قونصلر اقبال حسین اپنی بیٹی کے ہمراہ تاحال وطن واپسی کے منتظر ہیں۔
یہ امر قابلِ ذکرہے کہ ڈھاکہ میں پاکستانی سفارت خانے میں موجود ناظم الامور کی بھی اس معاملے پر بنگلہ دیشی دفترِ خارجہ میں طلبی کی گئی تھی۔ بنگلہ دیشی حکام نے کہا تھا کہ پاکستان حکومت بنگلہ دیش کے سفارتکار کی جلد واپسی یقینی بنائے۔ پاکستان وزارت خارجہ ویزا کے اجراء کے معاملے پر اپنا موٴقف دینے سے تاحال گریزاں ہے۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.