سید ذولفی بخاری کی تحصیل جنڈ کے گاؤں ڈھوک لوہار آمد، گیس کی فراہمی کا اعلان

جنڈ (تیز ترین) وزیر اعظم پاکستان کے معاون خصوصی سید ذولفی بخاری کی تحصیل جنڈ کے گاؤں ڈھوک لوہار آمد، گیس فراہمی کے اعلان کیلئے ملک خاکی جان اور سابق کونسلر ملک قدیر کے زیر اہتمام کارنر میٹنگ میں بطور مہمان خصوصی شرکت اور معززین علاقہ سے خطاب۔اپنے خطاب میں انہوں نے کہا میں گاؤں (ڈھوک لوہار) کو گیس فراہمی کا وعدہ کرتا ہوں کہ انشاء اللہ دسمبر تک آپ کے گاؤں میں گیس کی سہولت میسر ہوگی۔ اگر میں یہ وعدہ پورا نہ کر سکا تو مجھے آپ اس سٹیج پر نہیں بلکہ نیچے پائیں گے۔ اس وقت تک آپ کو مجھ پر اعتماد کرنا ہو گا ۔ اللہ نے چاہا تو چھپڑی گاؤں میں پندرہ جولائی تک گیس میٹروں کی تنصیب شروع ہو جائے گی۔ جیسا کہ میں نے اس سے پہلے بھی کہا ہے کہ تحصیل جنڈ کے مسائل مقامی لیڈر ملک نوید حسین کے ساتھ مل کر حل کرنا میری اولین ترجیح ہے۔
راولپنڈی کوہاٹ روڈ تعمیر کی شروعات اس سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ کارنر میٹنگ میں چیئرمین پبلک اکاؤنٹ کمیٹی و ایم پی اے سید یاور بخاری، سید خاور بخاری، رہنما پی ٹی آئی ملک خرم علی، ضلعی صدر پی ٹی آئی قاضی احمد اکبر، ملک نوید حسین ڈسٹرکٹ جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی، ملک ہارون رمضان، سابق کونسلر اقبال خٹک، ملک رئیس خان آف چھپڑی، ملک جمشید ایڈووکیٹ، سابق چیئرمین یو سی چھب محمد یوسف خٹک و دیگر نے شرکت کی۔ جب کہ سوئی سدرن گیس کے جی ایم ظہور اسلام آباد، ایم ڈی عامر طفیل لاہور اور ان کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔ جنہوں نے گیس فراہمی کے حوالہ سے اہل علاقہ کو آگاہی دی۔ بعد ازاں معاون خصوصی نے عوامی شکایت پر زیر تعمیر راولپنڈی کوہاٹ روڈ کا دورہ بھی کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا گیا۔ این ایچ اے کے جنرل منیجر افتخار احمد ساجد نے روڈ کی تعمیر پر تفصیلی بریفنگ دی۔مہمان خصوصی نے کہا کہ روڈ کی معیاری تعمیر میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔میری اور میرے مقامی ساتھیوں کی اس پر نظر رہے گی۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.