امریکہ کی طرف سے کراچی اسٹاک ایکسچینج پرحملے کی بھرپور مذمت

امریکہ دہشت گردوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لئے پاکستان کے ساتھ ہے۔ امریکی نائب معاون وزیرخارجہ کا ٹوئیٹ

اسلام آباد ( تیز ترین) ہم کراچی اسٹاک ایکسچینج پر خوفناک حملے کی مذمت کرتے ہیں۔ امریکہ دہشت گردوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لئے پاکستان کے ساتھ ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی نائب معاون وزیرخارجہ ایلس ویلز کی جانب سے کراچی اسٹال ایکسچینج پر دہشتگردانہ حملے کی بھرپور مذمت کی گئی۔ امریکہ کی نائب معاون وزیر خارجہ برائے جنوبی اور وسطی ایشیاء ایلس ویلز نے اپنے ایک ٹوئیٹ میں کراچی اسٹاک ایکسچینج پر حملے کے متاثرین اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار بھی کیا ہے۔ انہوں نےکہا ہے کہ دہشت گردوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لئے ہم پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔


یاد رہے کہ گزشتہ دن پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر مسلح افراد نے دہشتگردانہ حملہ کردیا تھا۔ حملے میں پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ ترجمان کراچی پولیس کی جانب سے سوموار کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں داخلی دروازے پر ڈیوٹی پر موجود کراچی پولیس کا سب انسپکٹر شاہد دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہوا، جب کہ تین پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔ حملہ آور دہشت گردوں کے خلاف پولیس کی بروقت کارروائی سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں موجود تمام عملہ اور عمارت بڑی تباہی سے محفوظ رہی۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ حملہ آور دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ اور دستی بم حملے میں چار سکیورٹی گارڈز اور ایک شہری بھی شہید ہوا۔ جوابی کارروائی میں تمام دہشت گردوں کو مار دیا گیا۔ پولیس کی جانب سے دہشت گردوں کے پاس موجود جدید اسلحہ، ہینڈ گرنینڈ، بارود اور دیگر اشیاء کو بھی قبضے میں لیا گیا۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.