سعودی عرب کی طرف بڑھنے والا ہاتھ کاٹ دیا جائے گا۔ عرب اتحادی افواج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی

عرب اتحادی افواج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے خبردار کیا کہ شہری آبادی کو نشانہ بنانے والے حوثی ملیشیا سے کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔

 ریاض ( تیز ترین ) عرب اتحادی افواج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے خبردار کیا ہے کہ سعودی عرب کے خلاف اٹھنے والا ہاتھ کاٹ دیا جائے گا۔ ترجمان نے کہا ہے کہ شہری آبادی کو نشانہ بنانے سے پہلے حوثی ملیشیا کو ہزار مرتبہ سوچنا ہوگا۔ دہشت گردوں کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائےگی۔ انہوں نے کہا ہے کہ شہری آبادی والے مقامات سرخ لکیر ہیں۔ ہم انہیں نشانہ بنانے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا ہے کہ دشمن حوثی ملیشیا کو مختلف نوعیت کے میزائل فراہم کر کے علاقائی امن سبوتاژ کرنے کے درپے ہے۔ عرب اتحاد حوثی ملیشیا کے لیے ایرانی ڈکٹیشن کو مسترد کرتا ہے۔ یمنی فوج نے 45 دن تک جنگ بندی کی پابندی کی جب کہ حوثی ملیشیا نے اس کی پاسداری نہیں کی۔ ان 45 دنوں کے دوران حوثی ملیشیا کی جانب سے فائر بندی کی 4276 بار خلاف ورزیاں کی گئیں۔ سعودی فوج کے دفاعی نظام نے حوثی ملیشیا کی جانب سے داغے گئے 118 بیلسٹک میزائلوں کو تباہ کیا ہے۔ گزشتہ ہفتے بھی سعودی عرب کے سرحدی علاقوں نجران اور جازان کے علاوہ ریاض کو میزائلوں سے نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی۔ حوثی باغیوں کی جانب سے ایک ہی رات میں تین شہروں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ حوثی باغیوں نے ریاض کے علاوہ نجران اور جازان پر بھی میزائلوں اور بارود بردار ڈرونز سے حملے کئے، جنہیں ناکام بنایا گیا۔
عرب اتحادی افواج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے بتایا تھا کہ حوثی باغیوں نے ریاض شہر کو نشانہ بنانے کے لیے میزائل حملہ کرنے کی کوشش کی ہے جسے ناکام بنایا گیا۔ حوثی ملیشیا نے یمن کے شہر صعدہ سے میزائل داغا جس کا نشانہ شہری آبادی تھا، تاہم سعودی افواج نے اسے فضا میں ہی ناکارہ بنا دیا تھا۔ حوثی باغیوں نے 8 میزائل اور تین بارود بردار ڈرون حملے بھی کیے، ان سب کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔ کرنل تُرکی المالکی کے مطابق حوثیوں نے ریاض کی ایک عمارت کو نشانہ بنایا تھا، جسے ہدف پر پہنچنے سے پہلے ہی فضائیہ نے تباہ کر دیا جس کے باعث قیمتی جانیں اور اثاثے محفوظ رہے۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.