ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے نوجوان تارکینِ وطن کے لئے خوش خبری متوقع

ہم نوجوان تارکین وطن کو شہریت دینے کے لیے کوئی راستہ نکال رہے ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن ( تیز ترین ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ نوجوان تارکین وطن کو شہریت دینے کے لیے کوئی راستہ نکال رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حیران کن طورپر پہلی بار تارکین وطن کوبڑی رعایت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کو دیئے گئے ایک انٹرویومیں انہوں نے اس سلسلے میں کوئی تفصیل نہیں بتائی کہ امیگریشن کے اس نئے قانون کی کیا شکل ہوگی۔ تاہم انہوں نے کہا کہ لوگ اس سے خوش ہوں گے۔ وہ امیگریشن کے بارے میں جلد ہی ایک نئے انتظامی حکم نامے پر دستخط کرنے والے ہیں۔ اس میں ان نوجوانوں کو شہریت دینے کی راہ ہموار کی جائے گی جو اپنے والدین کے ہمراہ بچپن میں غیر قانونی طور پر امریکہ آئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بچپن میں غیر قانونی طور پر امریکہ آنے والے بچوں کے زیر التوا پروگرام یعنی(ڈی اے سی اے )کے حق میں یہ منصوبہ بنایا گیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت ان کو امریکہ میں قیام کی عارضی اجازت ملی ہے۔ صدر نے کہا کہ ہم ان کی شہریت کے لیے راستہ نکال رہے ہیں۔ وائٹ ہاوس کے ترجمان نے اس انٹرویو کے بعد ایک بیان میں کہا کہ اس حکم نامے کا مطلب عام معافی نہیں ہوگا۔ مزید کہا گیا ہے کہ انتظامی حکم نامہ اہلیت کی بنیاد پر ہوگا۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.