پی آئی اے کے بعد امریکہ کا سی اے اے کے خلاف انتہائی اقدام

امریکہ نے پی آئی اے کے بعد سی اے اے کو کیٹگری 2 کی ریٹنگ میں ڈال دیا۔  کوئی ائیرلائن پاکستان اور امریکا کے درمیان پروازیں نہیں چلا سکے گی

اسلام آباد (تیز ترین ) پی آئی اے کے بعد امریکہ کا سی اے اے کے خلاف انتہائی اقدام، اب کوئی ائیرلائن پاکستان اور امریکہ کے درمیان پروازیں نہیں چلا سکے گی۔ امریکہ نے عالمی ہوا بازی میں پاکستان کی ایک درجہ تنزلی کر دی۔ امریکہ کی طرف سے سول ایوی ایشن اتھارٹی پاکستان کو کیٹگری 2 ریٹنگ میں ڈال دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق امریکہ نے پی آئی اے کی پروازوں پر پابندی عائد کرنے کے بعد پاکستان پر ایک اور پابندی عائد کر دی ہے۔ امریکہ نے سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) پاکستان کو کیٹگری 2 ریٹنگ میں ڈال کر عالمی ہوا بازی میں پاکستان کی ایک درجہ تنزلی کر دی ہے۔ امریکا کی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے پاکستان کی ریٹنگ کم کر کے کیٹیگری 2 کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایوی ایشن آرگنائزیشن کے سیفٹی اسٹینڈرڈ پر پورا نہیں اترتا۔ امریکہ کی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے اس اقدام کے بعد اب دونوں ممالک کے درمیان کوئی بھی ائیرلائن پروازیں آپریٹ نہیں کر سکے گی۔ پاکستان سول ایوی ایشن امریکہ کے لئے کسی پرواز کی اجازت کی مجاز نہیں رہی ۔ پاکستانی سی اے اے سے منظور شدہ تمام ایئرلائنز امریکہ کے لئے کوڈ شیئرنگ نہیں کرسکتیں۔ آئی سی اے او ایوی ایشن سے متعلق اقوام متحدہ کے زیر ماتحت ٹیکنیکل ایجنسی ہے۔ اس کی کیٹگری 1 میں شامل ممالک کی ایوی ایشنز عالمی قواعد وضوابط کے مطابق ہوتی ہیں۔ جبکہ کیٹگری 2 میں شامل ممالک کو امریکہ میں پروازیں چلانے کی اجازت نہیں ہوتی۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.