ہم صحافی مطیع اللہ جان کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہیں۔ خواجہ آصف

مطیع اللہ جان کی اہلیہ نے تھانہ آبپارہ میں شوہر کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرادی۔

اسلام آباد ( تیز ترین)  پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماء خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اپنی جماعت کی جانب سے صحافی مطیع اللہ جان کو پولیس کی تحویل میں لینے کی مذمت کرتا ہوں۔ جب کہ صحافی مطیع اللہ جان کی اہلیہ نے تھانہ آبپارہ میں اپنے شوہر کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرادی ہے۔ اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) کے رہنماﺅں کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ آصف نے خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کی درخواست ضمانت سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عدلیہ میں جانے والے اور انصاف کے طلب گار اس کیس کا حوالہ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے موجودہ نظام کے خلاف جنگ میں سخت مشکلات برداشت کیں لیکن پیچھے نہیں ہٹے اور آج بھی ایک چٹان کی طرح اپنے نظریے ، قائد اور جماعت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک ایسے عمل کا آغاز ہے جو اس بات کی شہادت دے رہا ہے کہ آنے والے وقت میں انصاف کا بول بالا ہوگا۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنماء نے کہا کہ میں اپنی جماعت کی جانب سے صحافی مطیع اللہ جان کی گرفتاری کی مذمت کرتا ہوں۔ مطیع اللہ جان کو پولیس تحویل میں لیا گیا ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ اس وقت میڈیا جو کردار ادا کررہا ہے اور حکومت کے خلاف میڈیا میں جو آوازیں اٹھ رہی ہیں اور 2 سال میں کایا پلٹی ہے کہ ایسی ایسی آوازیں جو حکومت کی حمایت کرتے نہیں تھکتی تھیں، آج وہ ان کے سب سے بڑے ناقد بن گئے ہیں۔ صحافی مطیع اللہ جان کی اہلیہ نے ان کے لاپتہ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے اسلام آباد پولیس سے بھی رابطہ کیا ہے۔ تھانہ آبپارہ پولیس نے صحافی مطیع اللہ جان کے لاپتہ ہونے کی رپورٹ درج کرلی پولیس کا کہنا ہے کہ وہ صحافی مطیع اللہ جان کے لاپتہ ہونے کے معاملے کی تحقیقات کررہی ہے۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.