مفتی منیب الرحمان نے وزیراعظم سے عید کی تعطیلات میں اضافے کا مطالبہ کر دیا۔

عید تین دن ہوتی ہے اس لیے عمران خان پیر کی چھٹی کا اعلان کریں۔ مفتی منیب الرحمن

اسلام آباد ( تیز ترین ) مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین جناب مفتی منیب الرحمان نے وزیراعظم عمران خان سے عید کی تعطیلات میں اضافہ کا مطالبہ کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان کا کہنا ہے کہ عید تین دن ہوتی ہے اس لیے عمران خان عید کے تیسرے دن پیر کو بھی چھٹی کا اعلان کریں۔ چاند کے متعلق بات کرتے ہوئے مفتی منیب نے کہا کہ سائنس اور علماء میں کوئی اختلاف نہیں، ہمیں سائنس کا پتہ ہے۔جتنی سائنس آپ جانتے ہیں، اتنی سائنس ہم بھی جانتے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے میٹرویالوجسٹ ہمارے ساتھ ہیں اور سائنسدان ہمارے ساتھ ہیں اور ہماری کمیٹی میں شامل ہیں۔ مفتی منیب الرحمان نے مزید کہا کہ جتنی ڈگریاں فواد چوہدری کے پاس ہیں ہمارے پاس بھی ہیں۔ جنہوں نے فواد چوہدری کو کیلنڈر بنا کر دیا وہ ہماری کمیٹی کے ممبر ہیں۔ ہم 25 سال سے رویت ہلال کو چلا رہے ہیں فواد چوہدری کہاں سے سائنسدان بن کر آگئے۔
ایک اور بیان میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ کچھ عرصے سے سوشل میڈیا کے ذریعے اشتعال انگیز باتیں عوام کے سامنے لائی جارہی ہیں۔ ایسا لگ رہا ہے کہ بعض داخلی وخارجی قوتیں باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت ملک کو فرقہ ورانہ تصادم کی طرف دھکیل رہی ہیں۔ جو کہ شدید خطرناک حالت ہے۔ ہماری ملکی اور قومی سلامتی کے اداروں سے اپیل ہے کہ اس صورتِ حال کا ادراک کریں اور بروقت اس کا سدِباب کریں۔ اگر غفلت برتی گئی اور کوتاہی کی گئی تو ملک وقوم کو ناقابلِ تلافی نقصان ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم یہ بھی واضح کرنا چاہتے ہیں کہ انبیائے کرام علیہم السلام، امہات الممنین، اہلبیتِ اطہار، بناتِ رسول اللہ ؓ ، صحابہ کرامؓ، مقدساتِ دین کی اہانت اورخلفائے راشدین کا اعلانیہ انکار کسی بھی صورت میں قابلِ قبول اور قابلِ برداشت نہیں ہے ۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.