فن لینڈ میں 16 سالہ لڑکی کو ایک دن کے لئے وزیراعظم بنایا گیا۔

علامتی وزیر اعظم ایوا مورتو نے وزیر اعظم کے دفتر میں اعلیٰ سرکاری عہدیداروں سے ملاقات کے دوران خواتین کو ہراساں کیے جانے جیسے اہم موضوع پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

اسلام آباد ( تیز ترین ) عالمی تنظیم پلان انٹرنیشنل کی جانب سے خواتین کو مواقع فراہم کرنے اور صنفی مساوات کیلئے شروع کی گئی مہم (گرلز ٹیک اوور) کے تحت 16 سالہ ایوا مورتو کو وزیر اعظم بنایا گیا تھا۔ فلمی دنیا کی طرح یورپی ملک فن لینڈ میں حکومت نے ایک 16 سالہ لڑکی کو محض ایک دن کے لئے علامتی وزیر اعظم کی ذمہ داریاں سونپ کر سب کو حیران کردیا۔ فن لینڈ کی حکومت نے ایوا مورتو کو اقوام متحدہ (یو این) کی جانب سے ہر سال اکتوبر میں منائے جانے والے لڑکیوں کے عالمی دن کے موقع پر ایک دن کا وزیر اعظم بنایا۔ حکومت کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ایوا مورتو نے 7 اکتوبر کو ایک دن کے علامتی وزیر اعظم کے طور پر خدمات سر انجام دیں۔ ایک دن کے لئے وزیر اعظم کی خدمات دینے والی ایوا مورتو نے اگرچہ کوئی قانون سازی نہیں کی اور نہ ہی انہوں نے حکومتی معاملات کے لئے کوئی ضوابط بنائے، تاہم انہوں نے بطور وزیر اعظم تمام کاموں کی نگرانی کی۔ حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ایک دن کی وزیر اعظم نے مختلف اعلیٰ حکومتی عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں اور انہوں نے صنفی مساوات اور لڑکیوں کے لئے مواقع پیدا کرنے جیسے معاملات پر گفتگو کی۔ ایک دن کی وزیر اعظم ایوا مورتو نے فن لینڈ کے وزیر اعظم کے دفتر میں 7 اکتوبر کو پورا دن خدمات سر انجام دیں اور انہوں نے اپنی ذمہ داریاں نبھانے کے دوران ٹیکنالوجی کے شعبے میں لڑکیوں کے کردار اور مواقع پر خصوصی توجہ مرکوز رکھی۔ ایک دن کی علامتی وزیر اعظم ایوا مورتو نے وزیر اعظم کے دفتر میں اعلیٰ سرکاری عہدیداروں سے ملاقات کے دوران خواتین کو ہراساں کیے جانے جیسے اہم موضوع پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ایوا مورتو نے فن لینڈ کی وزیر اعظم سانا مارین سے بھی ملاقات کی اور اہم ذمہ داری نبھانے اور سمجھنے کا موقع فراہم کرنے پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔ دن کے اختتام پر ایوا مورتو نے اپنے خطاب میں فن لینڈ حکومت اور وزیر اعظم کی تعریف کرنے سمیت دیگر عہدیداروں کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی کبھی یہ خواہش نہیں رہی ہے کہ وہ وزیر اعظم کے دفتر میں ہوں۔ ایوا مورتو نے پورے دن علامتی وزیر اعظم کی خدمات ادا کرنے کے بعد 7 اکتوبر کی شام کو ہی اپنی خدمات حکومت کو واپس کردیں۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.