دوران سروس وفات پا جانے والے ملازمین کیلئے حکومت کی طرف سے زبردست اعلان

ملازمت کے دوران وفات پا جانے والے ملازمین کیلئے حکومت کی طرف سے زبردست اعلان

لاہور(تیزترین )ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کی جانب سے ملازمین کے لئے ایک  اہم اور اچھی خبر سامنے آئی ہے ۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے سروس کے دوران وفات پانے والے ملازمین کے اہلخانہ کو تمام واجبات کی فوری ادائیگی کا حکم دے دیا، لاہور کے 412 وفات پانے والے اساتذہ وملازمین کے واجبات کی ادائیگیاں عرصہ درازسے التوا کا شکار ہیں۔ دوران ملازمت اچانک وفات کے بعد ملازمین کے اہلخانہ کو بے شمار مسائل کا سامنا ہوتا ہے ۔اس سلسلے میں ملازمین کے اہل خانہ کو واجبات کی ادائیگی کے لئے بار بار محکمہ ایجوکیشن کے دفاتر کے دھکے کھانے پڑتے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے سکولوں میں دوران سروس وفات پانے والے 412 اساتذہ و ملازمین کے واجبات کی عدم ادائیگی کے معاملہ کو حل کرنے کے لئے ایجوکیشن اتھارٹی نے نوٹس لے لیا۔ایجوکیشن اتھارٹی نے سکولز کے سربراہان کو فوری طور پر واجبات کی ادائیگی کے لئے اتھارٹی آفس میں درخواست جمع کرانے کی ہدایت کردی۔ ابھی تک صرف 85 سکولز سربراہان کی جانب سے درخواستیں جمع کرائی گئی ہیں ۔ ایجوکیشن اتھارٹی نے سکول سربراہان کو 14 اکتوبر تک وفات پانیوالے ملازمین کی تمام دستاویزات جمع کرانے کی ڈیڈ لائن دے دی۔احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے کی صورت میں متعلقہ سربراہان کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔دوسری جانب ایک اور خبر کے مطابق حکومت نے محکمہ سکول ایجوکیشن کے طلبا اور ان کے والدین کے لئے صحت کے حوالے سے بھی خوشخبری دے دی۔ صوبہ پنجاب میں محکمہ اسکول ایجوکیشن نے وزارت صحت کے تعاون سے طلبا کو صحت کارڈ جاری کرنے کا فیصلہ کرلیا جس کے تحت  طلباو طالبات کو صحت کی سہولت فراہم کی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق پنجاب اسکول ایجوکیشن نے صوبائی وزارت صحت کے تعاون سے طلبا کو صحت کارڈ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے، صحت کارڈ بننے کے بعد طلبا لاہور کے 25 اسپتالوں سے مفت علاج کرواسکیں گے۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.