حفیظ سنٹرلاہور میں لگی آگ پر قابو نہ پایا جا سکا، رینجرز طلب

ریسکیو اہلکار پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالنے میں مصروف، کروڑوں کے نقصان پر دکاندار آبدیدہ ہوگئے

لاہور( تیز ترین ) لاہور کے علاقے گلبرگ میں واقع حفیظ سنٹر کے دوسری منزل میں لگنے والی آگ پر قابو نہ پایا جاسکا۔ مدد کے لئے رینجرز کو طلب کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق گلبرگ کے معروف الیکٹرانکس پلازے حفیظ سنٹر میں آگ لگنے سے پچاس سے زائد دکانیں متاثر ہوئی ہیں۔ ریسکیو اور فائر بریگیڈ کی 13 گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔ آگ پلازے کی دوسری منزل پر لگی تھی جو کہ اب چوتھی منزل تک پھیل چکی ہے۔ آگ کی شدت کے باعث دوسرے اضلاع سے بھی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں طلب کر لی گئی ہیں اور مدد کے لئے رینجرز کو بھی طلب کر لیا گیا ہے۔ ریسکیو اہلکار پلازے میں پھنسے لوگوں کو نکالنے میں مصروف ہیں۔ آگ سے 50 سے زائد دکانیں متاثر ہوئی ہیں، آگ حفیظ سنٹر کی دوسری منزل پر لگی، ریسکیو کی 12 سے 13 گاڑیاں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی۔ شارٹ سرکٹ سے لگنے والی آگ شدت اختیار کرگئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق آگ نے تیسری اور چوتھی منزل کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ آگ لگنے پر ایک متاثرہ دکاندار کا کہنا تھا کہ دکانوں سے سامان نکال رہے ہیں۔ 40 سے 50 کروڑ کا نقصان ہوچکا ہے۔آگ کی شدت میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔ آگ لگنے سے کروڑوں کے نقصان پر دکاندار آبدیدہ ہوگئے۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.