کراچی میں رہائشی عمارت میں دھماکہ، 3 افراد جاں بحق، 3 شدید زخمی

دھماکے کی وجہ سے 4 منزلہ رہائشی عمارت کا ایک حصہ گر گیا ۔ علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا

کراچی ( تیز ترین ) کراچی کے علاقے گلشن اقبال کے رہائشی عمارت میں ہونے والے دھماکے میں 3 افراد جاں بحق جب کہ متعدد زخمی ہوگئے۔ دھماکے کی وجہ سے 4 منزلہ رہائشی عمارت کا ایک حصہ گر گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے گلشن اقبال کے علاقے مسکین چورنگی کے قریب دھماکہ ہوا۔ جس کی آواز دور تک سنی گئی ، اطلاعات کے مطابق اس دھماکے میں 3 افراد جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوئے۔ جن میں سے 3 زخمیوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ دھماکہ گلشن چورنگی کے قریب واقع ایک عمارت میں ہوا جس سے اس رہائشی عمارت کا ایک حصہ بھی گر گیا اور عمارت کی پہلی اور دوسری منزل کو زیادہ نقصان پہنچا۔ دھماکے سے پارکنگ میں کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ رہائشی علاقہ ہونے کی وجہ سے دھماکے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ دھماکے کے فوری بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے کو بھی طلب کر لیا گیا۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.