توہین آمیز بیان پر مسلم امہ کے زبردست اتفاق و مذمت کے بعد فرانس کے صدر کا عربی زبان میں ٹوئٹ

کبھی نفرت آمیز تقاریر کو قبول نہیں کریں گے۔ امن کے لیے ہر قسم کے خیالات کا احترام کرتے ہیں، اس حوالے سے مناسب بحث و مباحثے کا ہمیشہ دفاع کیا جائے گا۔ ایمانویل میکرون کا پیغام

پیرس ( تیز ترین ) فرانس کے صدر ایمانویل میکرون نے کہا ہے کہ ہم کبھی ہار نہیں مانیں گے اور امن کے حصول کے لئے تمام مکاتب کے درمیان پائے جانے والے مختلف خیالات کا احترام کیا جاتا رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق توہین آمیز خاکوں کے حوالے سے ان دنوں مسلم امہ کی طرف سے باالخصوص اور اقوامِ عالم سے بالعموم شدید تنقید کی زد میں رہنے والے فرانس کے صدر کی طرف سے عربی زبان میں ایک ٹوئٹ منظر عام پر آیا ہے۔ اپنے ٹوئٹر پر ایک پیغام میں ان کا کہنا ہے کہ ہم کبھی نفرت آمیز تقریر کو قبول نہیں کریں گے، اور امن کے لیے ہم ہر قسم کے خیالات کا احترام کرتے ہیں، اس حوالے سے مناسب بحث و مباحثے کا ہمیشہ دفاع کیا جائے گا۔ فرانس کے صدر ایمانویل میکرون نے کہا کہ ہم ہمیشہ انسانی تقدس اور عالمی اطوار کے احترام کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔


قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے گستاخانہ خاکوں پرفرانسیسی صدر کے اسلام مخالف بیانات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فرانسیسی صدر نے کروڑوں مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا، میکرون کو انتہا پسندوں کو موقع نہیں دینا چاہیے تھا۔ ترک صدر طیب اردوان نے بھی فرانسیسی صدر کے اسلام مخالف بیان کی سخت الفاظ میں مذمت کی تھی۔ ترک صدرنے دارالحکومت انقرہ میں ایک تقریب کے دوران یورپی ملک فرانس کے سیاستدانوں کو آڑے ہاتھوں لیا۔ طیب اردوان کا کہنا تھا کہ فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون اسلام پر زبان درازی کرکے اپنی حد سے تجاوز کررہے ہیں، یہ بیان بدتمیزی سے بڑھ کر اشتعال انگیزی ہے۔ ان کے بیانات دنیا بھر میں مسلمانوں کی دل آزاری کا سبب بن رہے ہیں۔ یورپی ممالک کے سیاستدان اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے مسلم دشمنی کو استعمال کررہے ہیں۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.