ایازصادق کا بیان کون سا قومی راز تھا جو افشاں ہوا۔ رہنما پیپلز پرٹی قمرزمان کائرہ کا سوال

سابق اسپیکر قومی اسمبلی کا بیان غلط بیانی کے زمرے میں آسکتا ہے لیکن غداری کے نہیں۔ وزیراعظم عمران خان سے اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات کی توقع نہیں ہے۔ ٹی وی پروگرام میں گفتگو

اسلام آباد ( تیز ترین ) پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ ایاز صادق کا بیان کون سا قومی راز تھا جو افشاں ہوا ، سابق اسپیکر قومی اسمبلی کا بیان غلط بیانی کے زمرے میں آسکتا ہے لیکن غداری کے نہیں۔تفصیلات کے مطابق نجی ٹیلی ویژن سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ میں قومی اسمبلی فلورپرغلط بیانی کے حق میں نہیں ہوں، لیکن ہمارا قومی المیہ ہے کہ ہر جگہ پر غلط بیانیاں ہوتی رہتی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں قمر زمان کائرہ نے کہا کہ وزیراعظم سے اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات کی توقع نہیں ہے کیوں کہ وزیراعظم عمران خان سے بارہا پوچھ رہے ہیں آپ سے این آر او کون مانگ رہا ہے جب کہ حکومت کی طرف سے تو ابھی تک کوئی مذاکراتی ایجنڈا بھی سامنے نہیں آیا۔ دوسری جانب سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے بیان کے بعد مسلم لیگ (ن) کے اندر سے فوج مخالف بیانات کی بناء پر سیاسی جماعتوں پر پابندی کا مطالبہ کردیا گیا۔ لیگی رکن پنجاب اسمبلی مولانا غیاث الدین کہتے ہیں کہ ایاز صادق کی طرف سے قومی اسمبلی کے فلور پر ملک دشمن زبان بولی گئی ہے۔ سابق اسپیکر قومی اسمبلی نے بیرونی قوتوں کی خواہش پر ملک دشمن بیان دیا ہے اس لیے ضروری ہے کہ فوج مخالف بیان بازی پر سیاسی جماعتوں پر پابندی لگنی چاہئے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف بیماری کا بہانہ بنا کر باہر چلے گئے اب وہاں بیٹھ کر فوج مخالف بیانات دے رہے ہیں جن کے ذریعے دنیا کی طاقتور ترین فوج کے طور پر جانی جانے والی پاک فوج کو بدنام کرنے کی ناکام کوشش کی گئی ہے۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.