وزیراعظم نے ہر قسم کی صنعتوں کو تین سال کے لیے 25 فیصد کم قیمت پر بجلی فراہم کرنے کا اعلان کر دیا۔

ہم نے اقتدار سنبھالتے ہی برآمدات بڑھانے کی کوشش کی کیوں کہ ملک کی دولت میں اسی وقت اضافہ ہوتا ہے جب اس کی شرح نمو برآمدات پر انحصار کرے، جتنی برآمدات میں اضافہ ہوگا، ملک میں پیسے آئیں گے۔ عمران خان

اسلام آباد ( تیز ترین ) وزیراعظم عمران خان نے ملک میں صنعتکاری کے فروغ اور برآمدات میں اضافے کے لیے ہر قسم کی صنعتوں کو 25 فیصد کم قیمت پر بجلی فراہم کرنے کااعلان کردیا ہے۔ اسلام آباد میں وفاقی وزراء اور مشیر خزانہ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نےکہا ہے کہ پاکستان میں پیدا ہونے والی بجلی بھارت اور بنگلہ دیش میں صنعتکاروں کو دی جانے والی بجلی سے 25 فیصد مہنگی ہے جن کے ساتھ ہماری برآمدات میں مسابقت ہے۔ ایک مسئلہ یہ ہے کہ ہماری صنعت، کم قیمت بجلی استعمال کرنے والی صنعتوں کا مقابلہ نہیں کرسکتی. انہوں نے کہا کہ 2013 سے 2018 میں ہماری برآمدات بڑھنے کے بجائے کم ہونا شروع ہوگئی اور 25 ارب ڈالر سے 20 ارب ڈالر کی حد تک گر گئیں۔  وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے اقتدار سنبھالتے ہی برآمدات بڑھانے کی کوشش کی کیوں کہ ملک کی دولت میں اسی وقت اضافہ ہوتا ہے جب اس کی شرح نمو برآمدات پر انحصار کرے۔ جتنی برآمدات میں اضافہ ہوگا، ملک میں پیسے آئیں گے، دولت میں اضافہ اور روپے کی قدر مضبوط ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے برآمد کنندگان کو بہت سی مراعات دیں اور برصغیر میں پاکستان وہ ملک ہے جس کی برآمدات کرونا وباء کے اثرات سے تیزی سے باہر آئیں اور ویسے بھی پاکستان کرونا کی صورتحال سے سب سے بہتر طور پر نمٹا ہے، جس کا دنیا نے اعتراف کیا ہے۔وزیراعظم نے پیکج کا اعلان کرتے ہوئے امید ظاہرکی ہے کہ اس سے برآمدات اور مقامی صنعتوں کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ یکم نومبرسے چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعت کے لیے معمول سے زیادہ بجلی کے استعمال پرآئندہ برس جون تک 50 فیصد رعایت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ 3 سالوں تک ہر قسم کی صنعت کے لیے 25 فیصد کم قیمت پر بجلی فراہم کی جائے گی یعنی صنعتوں کے لیے اب پورا وقت آف پیک آور تصور کیا جائے گا۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.