پاکستانی فوج ایک دفاعی ادارہ ہے، وہی کام بہتری سے کرے۔ صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ ایک غیر جانبدار جج ہیں، انہیں متنازع بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ لطیف آفریدی

لاہور ( تیز ترین ) پاکستان کی سپریم کورٹ بارایسوسی ایشن کے نومنتخب صدر لطیف آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستانی فوج ایک دفاعی ادارہ ہے، وہی کام بہتری سے کرے، ملک کے سیاسی پارلیمانی اور عدالتی نظام میں ٹانگ نہ اڑائے۔
لاہور ہائیکورٹ بار میں دیگر عہدیداروں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو اغوا کرنے سمیت ہر سیاسی عمل میں مداخلت کرنے، ججز کو دباؤ میں لانے اور شہریوں کو غداری کے القاب دینے میں عسکری قوتیں ملوث ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ ایک غیر جانبدار جج ہیں، انہیں متنازع بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ لطیف آفریدی نے کہا کہ جس ادارے کا کام سرحدوں کی حفاظت ہے وہ اندرونی معاملات میں مداخلت کیوں کر رہاہے۔ ہم ان سے درخواست کرتے ہیں کہ اپنے کام سے کام رکھیں اور سیاسی قیادتوں کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنانے سے باز رہیں۔ انہوں نے کہاکہ اعلیٰ عدلیہ میں ججز کی تعیناتیاں میرٹ پر نہیں ہوتیں بلکہ سفارشی ججز کو مقرر کیاجاتاہے۔ یہی وجہ ہے عدلیہ بھی سیاستدانوں کے خلاف بننے والے متنازع مقدمات میں جانبدار کردار اداکرتی ہے۔ لطیف آفریدی نے مطالبہ کیا کہ ججز کی تقرری کا عمل شفاف بنایاجائے اور اس میں سپریم کورٹ بار اپنا بھرپور کرداراداکرے گی۔ انہوں نے کہاکہ غداری کے کارخانے بند ہونے چاہئیں۔ نواز شریف ہو یا ایاز صادق اگر وہ کوئی بھی بات کرتے ہیں تو اس کا جائزہ لے کر ردعمل دینا چاہئیے کسی کو غدار کہنے کا اختیار کسی کو نہیں۔ صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن لطیف آفریدی نے الزام عائد کیا کہ سپریم کورٹ بار کے حالیہ انتخابات میں انہیں شکست دلوانے کی کوشش کی گئی پھر بھی وکلاء نے کامیابی دلائی۔ ہم محترمہ عاصمہ جہانگیر کے مشن کو جاری رکھیں گے۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.