ن لیگ کی طرف سے بلاول بھٹو کے حالیہ انٹرویو پر ردعمل

نواز شریف نے جو کچھ کہا وہ ایک حقیقت ہے جس کے گواہ وہ خود اور پاکستان کے عوام ہیں۔ ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب

اسلام آباد (تیز ترین ) پاکستان مسلم لیگ ن کی طرف سے چئیرمین بلاول بھٹو کی حالیہ تقریر پر ردعمل سامنے آیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری نے کہا ہے کہ نوازشریف کی تقریر میں براہ راست فوجی قیادت کے نام سنے تودھچکا لگا۔ انتظار ہے سابق وزیراعظم کب ثبوت پیش کریں گے۔ یقین ہے کہ انہوں نے واضح اور ٹھوس ثبوت کے بغیر نام نہیں لیے ہوں گے، لیکن عمران خان کی حکومت کو لانے کی ذمہ داری کسی ایک شخص پر نہیں ڈالی جا سکتی۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے بلاول بھٹو زرداری کے حالیہ بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بلاول بھٹو زرداری کی ذاتی رائے ہے۔ نواز شریف جو بتا رہے ہیں وہ حقائق پر مبنی حقیقت ہے۔ مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ اس حقیقت کے گواہ خود نواز شریف اور پاکستان کی عوام ہیں۔
یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے برطانوی نشریاتی ادارے ” بی بی سی“ سے ایک خصوصی انٹرویو میں کہا کہ پی ڈی ایم کے ایجنڈے کی تیاری کے وقت نواز لیگ نے جنرل باجوہ یا جنرل فیض کا نام نہیں لیا تھا انہوں نے کہا کہ اے پی سی میں یہ بحث ضرور ہوئی تھی کہ الزام صرف ایک ادارے پر لگانا چاہیے یا پوری اسٹیبلیشمنٹ پر لگانا چاہیے اور اس پر اتفاق ہوا تھا کہ کسی ایک ادارے کا نہیں بلکہ اسٹیبلیشمنٹ کہا جائے گا۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.