شبلی فراز نے پٹرولیم قیمتیں کم ہونے کی خوش خبری سنا دی

یقین دلاتا ہوں کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہونے جارہی ہیں۔ آمدن اور اخراجات کا توازن مثبت ہوگیا۔ اب امپورٹڈ چیزوں کی قیمتیں بھی کم ہوجائیں گیں۔ مہنگائی عارضی چیز ہے، اس پر جلد قابو پالیں گےـ وفاقی وزیر اطلاعات

اسلام آباد ( تیز ترین ) وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہونے کی خوشخبری سنا دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سرکاری تصدیق نہیں لیکن یقین دلاتا ہوں کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہونے جارہی ہیں۔ آمدن اور اخراجات کا توازن مثبت ہوگیا۔ اب امپورٹڈ چیزوں کی قیمتیں بھی کم ہوجائیں گیں۔ مہنگائی عارضی چیز ہے، اس پر جلد قابو پالیں گے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب یہ اقتدار میں تھے انہوں نے گلگت بلتستان کی عوام کے لئے کچھ نہیں کیا، گلگت میں اپوزیشن کی جانب سے جس طرح کا ماحول بنایا جارہا ہے، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اپوزیشن مان چکی ہے کہ وہ دھاندلی کا ڈھونگ رچاکر اپنی شکست کو کوئی مہذب شکل دینا چاہتے ہے۔ گلگت بلتستان کے عوام نے وزیراعظم عمران خان سے محبت کا اظہار کیا ہے، پی ٹی آئی کے امیدواروں نے بھرپور محنت کی، پی ٹی آئی کے امیدوار الیکشن جیتیں گے۔ میڈیا سے بھی درخواست ہے کہ وہاں جاکر بھرپور کوریج کریں۔ ہمارے وزراء وہاں کیمرے لگانا چاہتےہیں۔ پی ٹی آئی وہ جماعت جس نے آزاد اور شفاف الیکشن کے لئے جدوجہد کی۔ پی ٹی آئی نے الیکشن ریفارمز کے لئے کوشش کی۔ انتخابی اصلاحات ہوئیں پھر اس پر 2018ء کے الیکشن ہوئے۔
شبلی فراز نے کہا کہ کرونا کے بعد ہر کوئی ذکر کررہا ہے کہ ہمارے معاشی اعشاریے بہتر ہورہے ہیں۔صنعتوں میں تیزی آئی ہے۔ ہماری کرنسی مضبوط ہورہی ہے۔ میں سرکاری طور پر تصدیق نہیں کرسکتا لیکن یقین دلاتا ہوں کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہونے جارہی ہیں۔ اسی طرح کرنسی مضبوط ہونے سے امپورٹڈ چیزوں کی قیمتیں کم ہوجائیں گیں۔ آمدن اور اخراجات کا توازن مثبت ہوگیا ہے۔ کرنٹ خسارے کو ہم نے دوسالوں میں کم کرکے مثبت کردیا ہے۔ مہنگائی عارضی چیز ہے، اس پر جلد قابو پالیں گے۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.