گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے لیے ووٹنگ کا عمل شروع۔

قانون ساز اسمبلی کے تیسرے بار انتخابات میں 24 میں سے 23 نشستوں کے لیے ووٹنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوچکا ہے جو شام 5 بجے تک بلاتعطل جاری رہے گا۔

گلگت ( تیز ترین ) گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے لیے ووٹنگ کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ ووٹنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے بلا تعطل جاری رہے گی ۔
تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان کی 24 میں سے 23 نشستوں کے لیے ووٹنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا ہے جو کہ شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گا۔ گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات میں 7 لاکھ 45 ہزار ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، جن میں سے سوا لاکھ سے زیادہ افراد پہلی بار ووٹ دیں گے۔ شدید سردی کے باوجود عوام جوق در جوق پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کررہے ہیں اور اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے میں مصروف ہیں ۔ یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ یہ گلگت بلتستان اسمبلی کے تیسرے انتخابات ہیں۔ قبل ازیں گلگت بلتستان اسمبلی کے پہلے انتخابات کے نتیجے میں پاکستان پیپلز پارٹی نے 15 نشستوں کے ساتھ حکومت بنائی تھی۔ 2015 کے انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) نے 16 نشستیں حاصل کرکے حکومت بنائی تھی ۔ گلگت بلتستان میں پولنگ اسٹیشنز کی مجموعی تعداد 1234 ہے جس میں سے مرد خواتین ووٹرز کے مشترکہ پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 362 ہے۔ 297 پولنگ اسٹیشنز کو حساس اور 280 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری کے باعث جی بی کے علاقے گانچھے میں قانون ساز اسمبلی کے حلقہ جی بی اے 24 وادی سلتر و سیاچن کے پولنگ اسٹیشنز پرعملہ نہ پہنچ سکا جس کے باعث ووٹنگ کا عمل تاخیر سے شروع ہوا ہے۔ انتخابات میں 323 امیدواروں کے مابین مقابلہ ہے۔ سکریٹری داخلہ گلگت بلتستان محمد علی رندھاوا کا کہنا ہےکہ پولنگ اسٹیشنوں پر امن و امان کے قیام کے لئے تمام انتظامات مکمل ہیں۔ پولنگ اسٹیشنوں کو کرونا سے مخفوظ رکھنے کے لئے ایس او پیز کی ہدایت کی گئی ہے اور عملے کو کرونا سے بچاو کے لئے ضروری حفاظتی سامان بھی مہیا کیا گیا ہے۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.