طاقتور اور کمزور ترین پاسپورٹ کی فہرست جاری، پاکستان 10 کمزور ترین ممالک کی فہرست میں

دنیا کا طاقتور پاسپورٹ جاپان جب کہ کمزور ترین پاسپورٹ عراق کا ہے. پاسپورٹ کی درجہ بندی کرنے والے عالمی ادارے کی رپورٹ

اسلام آباد ( تیز ترین ) پاسپورٹ کی درجہ بندی کرنے والے عالمی ادارے نے پاسپورٹ سے متعلق اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے دس کمزور ترین اور طاقتور ترین پاسپورٹ کی فہرست جاری کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاسپورٹ کی درجہ بندی کرنے والے ادارے (انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن) کے اعداد و شمار کے مطابق طاقتور اور کمزور ترین پاسپورٹ کی فہرست میں پاکستان کو دنیا کے 10 انتہائی کمزور پاسپورٹس کی فہرست میں رکھا گیا ہے۔ کمزور ترین ممالک کی فہرست میں پاکستان کا آٹھواں نمبر ہے ۔ پاکستانی پاسپورٹ کے حامل افراد 38 ممالک میں بغیر ویزے کے جا سکتے ہیں جن میں سے 30 ممالک میں پہنچنے پر ویزہ لینا پڑے گا جب کہ 8 ممالک ایسے ہیں جن میں پاکستانی پاسپورٹ والوں کو بغیر ویزے کے داخلہ مل سکے گا۔ ان مما لک میں مالدیپ، کمبوڈیا، کینیا، نیپال، روانڈا، تنزانیہ، صومالیہ اور یوگانڈا شامل ہیں۔جب کہ قطر سمیت 30 ممالک ایسے ہیں جہاں پہنچنے پر پاکستانی اس ملک کا ویزہ حاصل کرسکتے ہیں۔ یہ فہرست ویزہ کے بغیر دوسرے ممالک میں سفر کرنے کی اجازت کے حساب سے مرتب کی گئی ہے ۔ حالیہ جاری ہونے والی فہرست میں جاپان گزشتہ برسوں کی طرح پاسپورٹ انڈکس میں سب سے پہلے نمبر ہے جس کے شہری 191 ممالک کا سفر بغیر ویزہ لئے کر سکتے ہیں جب کہ سنگاپور دوسرے نمبر رہا۔ دوسری جانب عراقی پاسپورٹ کو دنیا کا کمزور ترین پاسپورٹ قرار دیا گیا ہے جس کے شہری صرف 4 ممالک میں بغیر ویزہ سفر کرسکتے ہیں جب کہ 27 ممالک عراقی شہریوں کو اپنی حدود میں داخل ہونے کے بعد ویزہ جاری کرتے ہیں۔ کمزور ترین پاسپورٹ کے حامل پاسپورٹ کی فہرست میں دوسرے نمبر پر افغانستان، تیسرے پر شام، چوتھے پر صومالیہ، پانچویں پر یمن، چھٹے پر ایران، ساتویں پر فلسطین جب کہ پاکستانی پاسپورٹ کو آٹھواں نمبر دیا گیا ہے جب کہ نویں نمبر پر شمالی کوریا کا پاسپورٹ، میانمار کا پاسپورٹ دسویں نمبر پر ہے۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.