وزیراعظم عمران خان افغان صدر اشرف غنی کی دعوت پر کل اہم دورے پر افغانستان روانہ ہوں گے۔

دونوں راہنما افغان امن عمل، دوطرفہ تعلقات پر بات کریں گے.حکومتی ذرائع

اسلام آباد ( تیز ترین ) افغآن صدر اشرف غنی کی دعوت پر وزیراعظم عمران خان کل ایک روزہ دورے پر افغانستان روانہ ہوں گے۔  وزیراعظم دورہ افغانستان میں افغان امن عمل، دوطرفہ تعلقات پر بات کریں گے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا دورہ افغانستان انتہائی اہم نوعیت کا حامل ہے۔ گزشتہ ماہ وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ پاکستان افغانستان کی ہر حکومت کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے پاک افغان تجارت سرمایہ کاری فورم 2020 کے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ خطے کے افغانستان سے روابط صدیوں سے ہیں، تاہم افغانستان میں انتشار کے باعث دونوں ممالک کو نقصان پہنچا۔ پاکستان پُرامن افغانستان کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان اور افغانستان دونوں ممالک کو نقصان پہنچا۔ افغانستان میں انتشار نے دونوں ممالک میں غلط فہمیوں کو جنم دیا۔ بیرونی دباﺅ سے افغانستان کے عوام پر رائے مسلط نہیں ہوسکتی۔ اب افغانستان کے لوگوں کو اپنے فیصلے خود کرنے ہوں گے۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ وقت آگیا ہے کہ احساس کریں ماضی میں کیا کھویا کیا پایا، انسان ماضی سے سیکھتا ہے ماضی میں رہتا نہیں ہے اور عوامی روابط سے باہمی تعلقات کو فروغ ملتا ہے۔ دونوں ممالک میں عوامی اورسیاسی روابط کو فروغ دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور میری حکومت کی مخلصانہ کوشش ہے کہ دونوں ممالک میں تجارتی تعلقات پیدا ہوں۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.