وی آئی پی کلچر اورہر طرف مشین گنیں ‘ریاست مدینہ ایسی ہوتی ہے؟ سپریم کورٹ کا استفسار

کچھ ہوا تو کیا یہ بندوقیں عوام پر ہی چلیں گیں۔ کشمیر پر الیکشن کرنے کی بات کرتے ہیں لیکن صوبوں میں بلدیاتی انتخابات نہیں کرواتے، کیا صوبوں میں عوام کے حقوق نہیں ہیں؟ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے ریمارکس

اسلام آباد ( تیز ترین ) سپریم کورٹ آف پاکستان نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق درخواست پر اٹارنی جنرل پاکستان، الیکشن کمیشن اور ایڈووکیٹ جنرل کو نوٹس جاری کردیے اور انتباہ دیا کہ آئین پر عمل درآمد نہ ہوا تو صوبائی حکومت کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کریں گے۔ سپریم کورٹ کے جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے کے پی کے لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 کی شق 39 اور 41 پر عمل درآمد سے متعلق کیس کی سماعت کی سماعت میں صوبائی حکومت کی جانب سے کے پی کے ایکٹ کی شق 39 اور 41 سے متعلق رپورٹ پیش کی جس پر عدالت نے عدم اطمینان کا اظہار کیا۔ عدالت نے ہدایت کی کہ بلدیاتی حکومت کی منقولہ اور غیر منقولہ املاک کی تفصیل اپ لوڈ کی جائے۔ درخواست پر سماعت کرتے ہوئے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے سوال کیا کہ 14 ماہ گزر گئے ہیں، بلدیاتی انتخابات کیوں نہیں کرائے گئے؟ ان کا کہنا تھا کہ عوام کے حقوق کی خلاف ورزی نہیں ہونے دیں گے۔ تیسری دنیا کے ممالک میں پہلی دنیا کا طرز حکمرانی کیا جا رہا ہے۔ ایڈوکیٹ جنرل کے پی کے پیش نہ ہونے پر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کیا ایڈووکیٹ جنرل کے پی کے بہت مصروف آدمی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے پیسے سے تنخواہ لیتے ہیں، ایڈووکیٹ جنرل کا عدالت میں پیش ہونا ان کی ذمہ داری ہے۔ ایڈووکیٹ جنرل خیب پختونخوا کی عدم حاضری پر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت کے وکلا کیوں ڈرتے ہیں۔ صوبائی حکومت کے وکلا حکومت کو بچانے کی کوشس کیوں کر رہے ہیں؟
انہوں نے مزید ریمارکس دیے کہ آپ عوام کے پیسے سے حکومت کرتے ہیں کسی سے ڈرنے کی ضرورت نہیں، آپ کی حفاظت کرنے والا اللہ ہے۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ ملک میں ہر طرف وی آئی پی کلچر کے تحت روٹ لگے ہوتے ہیں، کیا ایسی ہوتی ہے ریاست مدینہ؟ ہر طرف مشین گنیں لگی نظر آتی ہیں، کچھ ہوا تو کیا یہ گنز عوام پر ہی چلیں گیں؟ انہوں نے ریمارکس دیے کہ کشمیر پر الیکشن کرنے کی بات کرتے ہیں لیکن صوبوں میں بلدیاتی انتخابات نہیں کرواتے، کیا صوبوں میں عوام کے حقوق نہیں ہیں۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.