اسرائیل نے حملہ کیا تو اسے دن میں تارے دکھا دیں گے، حزب اللہ کا انتباہ

ہم لبنانی قوم کے دفاع کی فرنٹ لائن پر کھڑے ہیں۔ ڈپٹی سیکرٹری جنرل (حزب اللہ) نعیم قاسم

بیروت ( تیز ترین ) لبنان کی معروف مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل نعیم قاسم نے کہا ہے کہ اگر اسرائیل نے ہم پرحملہ کیا تو صہیونی دشمن کو دن میں تارے دکھا دیں گے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق حزب اللہ کے رہنماء نے اسرائیلی وزیردفاع بینی گینٹز کے اُس بیان کے رد عمل میں یہ بیان دیا ہے جس میں اسرائیلی وزیردفاع نے صہیونیوں کو کہا ہے کہ وہ مطمئن رہیں۔اسرائیل کا حزب اللہ کے ساتھ جنگ چھیڑنے کا کوئی ارادہ نہیں تاہم انہوں نے حزب اللہ پر الزام عاید کیا کہ وہ شہری آبادی میں میزائل اور گولہ بارود ذخیرہ کر رہی ہے۔
نعیم قاسم نے کہا کہ ہم اپنے دفاع کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ اسرائیل پر حملے کا کوئی ارادہ نہیں مگراسرائیل نے ہم پر حملے کی کوشش کی تو صہیونی ریاست کو دن میں تارے دکھا دیں گے۔ حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کے بارے میں بات کرتے ہوئے نعیم قاسم نے کہا کہ کچھ لوگ لبنانی قوم کو کمزور کرنا چاہتے ہیں اور وہ اس مقصد کے لیے حزب اللہ کو غیر مسلح کرنا اور لبنانی مزاحمت کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔ حزب اللہ مزاحمت کا راستہ ترک نہیں کرے گی۔ ہم لبنانی قوم کے دفاع کی فرنٹ لائن پر کھڑے ہیں۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.